ناگپور،19؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر کے وزیر اعلی دویندر فڈنویس نے آج بتایا کہ اس سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ریاست سے تقریباً2,965لڑکیاں لاپتہ ہو گئیں ہیں۔ریاست میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر اسمبلی رندھیر ساورکر کی طرف سے اسمبلی میں رکھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر اعلی نے بتایا کہ سال 2016میں ایک جنوری سے 30جون کے درمیان 2,881لڑکیاں لاپتہ ہوئی تھیں۔اس سال اس مدت میں یہ تعداد بڑھ کر 2,965ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کسی خاص گروہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔ تقریباً 12پولیس محکموں کو ایسی سرگرمیوں کے خلاف فورا کارروائی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔فڈنویس کے مطابق مرکزی حکومت نے لاپتہ لڑکیوں کا پتہ لگانے کے لئے www.trackthemissingchild.gov.in ویب سائٹ بنائی ہے۔اپنے جواب میں وزیر اعلی نے کہاکہ ریلوے نے بھی اس کام کے لئے اپنے پورٹل www.shodh.gov.inکی تجدید کررہا ہے۔یہ ویب سائٹ معاملات کا پتہ لگانے میں مددگار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آپریشن مسکان اور آپریشن اسمائل جیسی چار مہم شروع کی ہیں۔اس کے ذریعے سال 2016 میں ایک جنوری سے 30جون کے درمیان 1,613لڑکیوں کا پتہ لگایا گیا تھا۔ان کی مدد سے اس سال بھی 645 لڑکیوں کو تلاش کیا جا چکا ہے۔